امریکا ؛ میوزیکل کنسرٹ میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 20 زخمی

میامی:(ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک کلب میں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلوریڈا کے شہر میامی کے ایک بلیئرڈ کلب میں میوزیکل کنسرٹ جاری تھا، اس دوران ایک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

فلوریڈا کے پولیس چیف نے بتایا کہ فائرنگ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ لگتا ہے، حملہ آور نے دو افراد کو انتہائی قریب سے گولیاں ماریں اور ہوائی فائرنگ کی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جب کہ باقی افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، 7 مئی کو ریلوے ملازم نے فائرنگ کرکے اپنے 8 ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔